راولپنڈی (نمائندہ خصوصی )چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلطنت عمان کے سرکاری دورہ کے دوران نائب وزیراعظم ، وزیر دفاع اور وزیر شاہی دربار سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلطنت عمان کا سرکاری دورہ کیا۔ق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع سید شہاب بن طارق بن تیمور سے ملاقات کی،انہوں نے وزیر شاہی دربار جنرل سلطان بن محمد النامانی سے بھی ملاقات کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے دورہ کے دوران چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل عبداللہ بن خمیس الرئیسی، سروسز چیفس اور چیئرمین آف ڈیفنس اکیڈمی سے بھی ملاقاتیں کیں۔الگ الگ ملاقاتوں کے دوران تربیت، سکیورٹی، انسداد دہشتگردی، دفاعی صنعت سمیت عسکری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور سٹریٹجک تعلقات کے فروغ کیلئے عسکری تعلقات کو وسعت دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔عمانی حکام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔