کوئٹہ(نمائندہ خصوصی ):بلوچستان کی سکیورٹی اور دیگر امور سے متعلق تمام عوامی نمائندگان نے معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ دہشت گرد حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کا عزم کیاہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بلوچستان کی سکیورٹی اور دیگر امور سے متعلق تمام عوامی نمائندگان کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔اجلاس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے شرکت کی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی طرف سے سردار
یعقوب خان ناصر اور سردار عبد الرحمان کھیتران، پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ظہور احمد بلیدی اور مینا بلوچ، نیشنل پارٹی کی طرف سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، رحمت صالح بلوچ اورمیر کبیر محمد، بلوچستان عوامی پارٹی کی طرف سے خالد حسین مگسی اور صادق سنجرانی، عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے زمرک خان اچکزئی اور مسٹر اصغر، جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے مولانا عبد الواسع اور یونس زہری نے اجلاس میں شرکت کی۔سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے بلوچستان کے عوامی مسائل کے بارے میں وزیراعظم کوآگاہ کیا۔اجلاس میں بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کا جامع جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے متاثرین کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور مزید معصوم جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لئے بروقت جواب دینے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ اجلاس میں معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کا عزم کیا گیا۔