نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک ) :بھارت میں کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے بینکوں کو لوگوں کی دولت لوٹنے کا ذریعہ بنادیا ہے اور بینک اکائونٹس میں بیلنس نہ ہونے کے بہانے ہزاروں ا کائونٹس بند کردیے گئے ہیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملک ارجن کھڑگے نے ایک بیان میں کہا کہ اگر مودی حکومت نے غریب بینک اکائونٹ ہولڈرز کو دھوکہ نہیں دیا ہے تو انہیں ان کے سوالوں کا جواب دینا چاہیے۔ کانگریس صدر نے مودی حکومت سے سوال کیاکہ کیا یہ سچ نہیں ہے کہ کم سے کم 5ہزار بیلنس نہ ہونے پر10کروڑ سے زیادہ بینک اکائونٹس کو بند کیاگیا ہے ،جن میں سے تقریبا 50 فیصد اکائونٹس خواتین کے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کائونٹس میں سے گزشتہ سال دسمبرتک ایک کھرب 27ارب79کروڑ روپے جمع تھے۔ انہوں نے مودی حکومت کے پارلیمنٹ میں ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کیا یہ سچ نہیں ہے کہ 2018سے 2024تک کم سے کم بیلنس نہ ہونے پر4کھرب 35ارب روپے اضافی اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز، ایس ایم ایس چارجز پر ریکوری کی مد میں لوگوں سے لوٹے گئے ہیں ۔ملک ارجن کھڑگے نے مزیدکہاکہ مودی حکومت کانگریس حکومت کی اسکیموں کا نام بدل کر اپنی حکومت کی کارکردگی کے طورپر دکھا رہی ہے۔