اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ میں کرکٹ کے فروغ کیلئے ایک جامع طویل المدتی روڈ میپ وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو جدید کوچنگ اور رہنمائی کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے ،جدید کرکٹ اسٹیڈیمز کی تیاری کیلئے مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر غور کیا جائے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے ، تربیتی سہولیات بہتر بنانے اور سندھ میں کرکٹ ٹیلنٹ پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ سندھ کا کرکٹ ٹیلنٹ اجاگر کرنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ
فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں اور کرکٹ لیگز کے انعقاد سے کھیلوں کی سیاحت ، معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وفد نے صدر مملکت کو سندھ کا کرکٹ ٹیلنٹ فروغ دینے ، کرکٹ انفراسٹرکچر بہتر بنانے میں لیگ کے کردار بارے بتایا۔وفد نے سندھ پریمیئر لیگ کے افتتاحی سیزن کی کامیابیوں سے متعلق بتایا کہ نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت کیلئے کراچی میں ایک ہائی پرفارمنس سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وفد نے صدر مملکت کو سندھ پریمیئر لیگ کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔صدر مملکت نے وفد کو سندھ میں کرکٹ کی حوصلہ افزائی ، فروغ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو سندھ میں کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانے کیلئے معاونت کا کہوں گا ۔بعد ازاں ، سندھ پریمیئر لیگ کے وفد نے صدر مملکت کو ایس پی ایل کی شرٹ بھی پیش کی۔