بیجنگ(نمائندہ خصوصی ):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستانی اور چینی میڈیا کے درمیان تعاون ، خصوصاً خطے اور عالمی سطح پر موجود مشترکہ مواقع اور چیلنجز کے تناظر میں ، دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ وہ منگل کو پاکستان ہائوس بیجنگ میں پاک چین میڈیا وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے تعلقات میں کامیابیوں کو اجاگر کرنے میں میڈیا کے اہم کردار پر روشنی ڈالی ۔پاکستانی سفیر نے پاکستانی اور چینی میڈیا کے درمیان تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔یہ ملاقات پاکستان سفارت خانہ بیجنگ کی جانب سے میڈیا کے تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ تھی۔وفد میں دونوں ممالک کے نمایاں صحافی، چائنا انٹرنیشنل کمیونیکیشن گروپ اور چینی میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔چین میں پاکستانی سفیر نے وفد کو مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے حصول کے لیے سفارت خانے کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔پاکستانی میڈیا وفد نے چین کے مختلف حصوں کے دورے کے تجربات شیئر کیے۔چائنا انٹرنیشنل کمیونیکیشن گروپ اور چینی میڈیا کے نمائندوں نے پاکستانی میڈیا کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے مواقع پر روشنی ڈالی۔