اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے حوالے سے ہرممکن اقدامات اور دہشت گردوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایات کی ہیں۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی
اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی۔وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو بلوچستان کی سکیورٹی و مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے بزدلانہ کارروائیاں تھیں جن کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، ہماری بہادر سکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا۔وزیراعظم نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے حوالے سے ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے دہشت گردوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی بھی ہدایت کی۔