شکاگو:(مانیٹرنگ ڈیسک ) جیل میں نظربندکشمیری صحافی عرفان معراج، ڈیجیٹل اور ٹی وی صحافی آکانکشا سکسینہ اور سرینگر سے تعلق رکھنے والے کشمیری صحافی خالد خان نے 2024کا انسانی حقوق اور مذہبی آزادی جرنلزم ایوارڈجیتا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ ایوارڈز انڈین امریکن مسلم کونسل کے زیر اہتمام واشنگٹن ڈی سی میں قائم ایڈوکیسی گروپ شکاگو، الینوائے میں ایک تقریب میں پیش کیے گئے۔ اس سال چارکیٹاگریز میں210سے زیادہ صحافیوں کے درمیان مقابلہ ہوا ۔تینوں صحافیوں کو انسانی حقوق اور مذہبی آزادی پر بہترین ویڈیو اسٹوری کا ایوارڈ مشترکہ طور پردیا گیاہے۔ڈوئچے ویلے سے تعلق رکھنے والے تینوں صحافیوں کو ان کی دستاویزی فلم، ”آن ڈرگس۔ کشمیر میں ہیروئن کی وبا” پر دیاگیا ہے ۔اس فلم میں کشمیر میں ہیروئن کے بڑھتے ہوئے استعمال اور خطے میں نشے کی وجہ سے تباہ حال لوگوں کی زندگیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔