اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) احمد اسحاق جہانگیر نے آئی جی سندھ پولیس اورگورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ، ایف آئی اے کراچی زون میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیرنےآئی جی سندھ سے ملاقات کی ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساوتھ مجاہد اکبر اور ڈائریکٹر کراچی زون نعمان صدیقی بھی ڈی جی ایف آئی اے کے ہمراہ موجود تھے ۔ ملاقات میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں انٹرپول اور بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے مشترکہ تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی ،ڈی جی ایف آئی اے کی جانب سندھ پولیس کو مطلوب بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ملاقات میں افسران کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے بھی مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا گیا ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی کا دورہ بھی کیا اورگورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں کریپٹو کرنسی اور غیر قانونی منی ٹرانسفرز کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کرپٹو کرنسی ٹرانزیکشنز میں تیزی سے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ کرپٹو کرنسی کی تجارت کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے واضح پالیسی کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے فوکل پرسن کی تقرری کو زیر غور لایا گیا ۔فوکل پرسن کرنسی ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف فوری کارروائی کے لیے اجازت فراہم کرنے اور دیگر معاملات پر مزید رابطے میں معاونت کرے گا۔ایف آئی اے کے کیسز میں ضبط شدہ رقم جمع کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں اکاؤنٹ کھولنے کے لیے مشترکہ ایس او پی جاری کرنے کی تجویز بھی زیر غور لائی گئی ۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کراچی زون اور کراچی ائرپورٹ کا دورہ کیا ۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے کراچی زون کا تفصیلی دورہ کیا ۔دورے کے دوران ڈی جی ایف آئی نے کراچی زون کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساوتھ مجاہد اکبر، ڈائریکٹر کراچی زون نعمان صدیقی، ڈائریکٹر عبدالسلام شیخ، سرکل انچارجز اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے کو کراچی زون کی جامع کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی ۔اجلاس میں حوالہ ہنڈی، جعلی ادویات اور انسانی سمگلروں کے خلاف کاروائیوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ڈی جی ایف آئی اے نے کراچی زونز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈی جی ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ ، کرپشن ، منی لانڈرنگ ، ممنوعہ ادویات کی تیاری میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی اسکوڈ تشکیل دئیے جائیں۔زیر التوا انکوائریوں اور مقدمات کی تفتیش کو جلد مکمل کیا جائے۔ڈی جی ایف آئی اےکا کہنا تھا کہ انکوائری اور مقدمات کی تفتیش میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ افسران کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے ماہانہ بنیادوں پر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے۔کراچی ائرپورٹ دورے کے دوران ڈی جی ایف آئی اے نے مسافروں کے لئے نصب کئے گئے فیڈ بیک ایپلیکشن سسٹم کی تعریف کی اور کہا کہ مسافروں کی تجاویز سے ہی امیگریشن سروسسز کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کو بہترین امیگریشن سروسز فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، غفلت یا شکایت کی صورت میں متعلقہ افسر کی خلاف سخت کارروائی کی جائے۔