کراچی۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مختلف مقامات پر دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے 14 جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ان شہداء کے اہل خانہ کے غم میں پوری قوم شریک ہے اور یہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے 21 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد چاہے جتنے بھی وار کریں، ہمارے بہادر جوانوں کے حوصلے ہمیشہ بلند رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں کی لازوال قربانیاں ایک روشن مثال ہیں اور ان شہیدوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کر دیا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوان ہمارا فخر ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اور ان کی جماعت ایک بار پھر دہشتگردوں کو شکست دینے کے لئے پُرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کسی صورت میں نہیں رکے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے آخر میں شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہیں اور رہتی دنیا تک قوم کی یادوں میں زندہ رہیں گی۔