اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں نے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا،پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔