کوئٹہ۔(نمائندہ خصوصی ):بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ایران سے آنے والی بس کھائی میں گرنے سے 11 افراد جاں بحق 33زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اتوار کی صبح حادثے کا شکار ہونے والی بس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے زائرین سوار تھے جو ایران اورعراق سے واپس گوادر کے راستے پاکستان پہنچے تھے اور کراچی کے راستے لاہور جا رہے تھے۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق حادثےمیں 33 زائرین زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 7 شدید زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اوتھل جبکہ 25 زخمی جام غلام قادر ہسپتال لسبیلہ منتقل کئے گئے ہیں۔ بس حاد ثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بوزی ٹاپ کے قریب تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا ۔ترجمان حکومت بلو چستاننے کہا کہ حادثے کا شکار بس کوکھائی سے نکالنے کا کام جاری ہے۔ممکنہ طور پر ایک یا 2 زائرین مزید بس کے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔