اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )محکمہ موسمیات نے 26 سے 28 اگست کے دوران شدید ، موسلادھار بارشوں کے باعث جنوب مشرقی اور زیریں سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔اس دوران آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر ( کچے گھر/دیواریں ،بجلی کے کھمبے،بل بورڈز،گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہوسکتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق (کل )پیر کو سندھ، با لائی خیبر پختونخوا ،شمال مشرقی /جنو بی پنجاب،خطہ پوٹھو ہار ، اسلام آباد،شمال مشرقی/ جنو بی بلوچستان ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں ، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران جنوب مشرقی/زیریں سندھ میں چند مقامات پر آندھی چلنے اورموسلادھار بارش کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا۔تاہم بالائی خیبر پختونحوا، جنو ب مشر قی سندھ ، جنوب مشرقی بلوچستان، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش سندھ: مٹھی 29، میرپورخاص 12، حیدرآباد (ایئرپورٹ 05)، چھور 03، بلوچستان: لسبیلہ 12، خیبر پختونحوا چراٹ 04،دیر 02، کا لام 01، کشمیر: راولاکوٹ 04،پنجاب: سیالکوٹ ،لاہور (ایئرپورٹ) 02اور مری میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اتوار کو ریکارڈکیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت: چلاس ، دالبندین ، نوکنڈی اورسبی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔