لکھنو:(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی ریاست اترپردیش کے دار الحکومت لکھنو کے علاقے گومتی نگر میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک ڈیلیوری ایجنٹ پر اس وقت حملہ کیا جب انہیں پتہ چلا کہ وہ ایک مسلمان ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیلیوری ایجنٹ محمد اسلم نے بتایا کہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب اس نے گاہک سے ڈیلیوری کی زیادہ مقدار کی وجہ سے گیٹ پر آرڈر لینے کی درخواست کی۔ تاہم اسلم نے صارف کے دروازے پر آرڈر پہنچانے پر رضامندی ظاہر کی جب گاہک نے بتایا کہ وہ نیچے آنے سے قاصر ہے۔گاہک کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اسلم کو اچانک اندر کھینچا گیا، اس کا نام پوچھا گیا اور اس کی مسلم شناخت ظاہر ہونے پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اسلم نے بتایا کہ نشے میں دھت چار افراد نے ا سے تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک یرغمال بنائے رکھا۔ اسلم کو ایک بیان پر زبردستی دستخط لئے جانے کے بعدہی رہا کیا گیا جس میں لکھاگیا کہ اس نے صارف سے زیادہ معاوضہ لیا اور غلط سلوک کیا۔واقعے کے بعد اسلم نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔