لاہور(نمائندہ خصوصی )
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی سماجی دہشت گردی کے نتیجے میں عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ حکومت کی خرابی دراصل تمام خرابیوں کی جڑ ہے۔ حکومت ابتدائی نوے دنوں میں عوام کو کوئی ریلیف دینے کی بجائے تکالیف میں اضافے کا باعث بنی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن میں ناقابل یقین حد تک اضافہ شرم ناک ہے۔ پی ٹی آئی ہو یا پی ڈی ایم کی حکومت سبھی آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں۔ خطرناک پولرائزیشن نے سیاست میں گالم گلوچ، بدتہذیبی اور عدم برداشت کو جنم دیا۔ تیرا چور مردہ باد، میرا چور زندہ باد کے فلسفے کی وجہ سے ملک میں کبھی حقیقی احتساب کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ جماعت اسلامی عام آدمی کی آواز بن کر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ جب تک سود ی نظام کے خاتمے کی طرف سفر شروع نہیں کیا جاتا، ملک میں اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت اور برکت نہیں آ سکتی۔ جماعت اسلامی عیدالاضحی کے بعد حکومت مخالف تحریک میں مزید تیزی لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چھ گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، ضمنی و بلدیاتی انتخابات سمیت ملک کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ امیر جماعت نے بلوچستان میں سیلابی ریلے اور بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے۔
سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف کامیاب ٹرین مارچ کے انعقاد پر ذمہ داران کو مبارک باد دی۔ جون کی شدید گرمی میں ریلوے سٹیشنز پر استقبال کے لیے آنے والے لوگوں کا جذبہ قابل تحسین تھا۔ ٹرین مارچ میں عوامی پذیرائی سے واضح ہو گیا کہ عوام نام نہاد تینوں بڑی سیاسی جماعتوں سے سخت نالاں اور اکتا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے غربت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ سودی نظام، کرپشن اور مہنگائی نے عوام کو نچوڑ کر رکھ دیاہے۔ بے روزگاری کا طوفان، ملک کو انارکی کی طرف اور غربت سے عوام میں خودکشیوں کارجحان بڑھ رہا ہے۔ بے روزگار نوجوان مستقبل سے مایوس اور ڈگریاں اٹھائے در در دھکے کھا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے مل کر قوم کو رلایا۔ مہنگائی اور کرپشن موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔ آئی ایم ایف کی معاشی دہشت گردی کے نتیجے میں موجودہ اور سابقہ حکومتیں ملک میں سماجی دہشت گردی کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بار بار حکمرانی کرنے والے حکمرانوں اور ظالم سرمایہ داروں کے دن گنے جاچکے،ظلم کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔ 75 برسوں سے عوام کی گردنوں پر سوار ظالم حکمرانوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا۔
امیر جماعت نے کہا کہ حکمران ٹولہ جان لے کہ قوم اب انھیں اچھی طرح پہچان چکی ہے۔ ملک میں اگر کوئی کرپشن فری جماعت ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے۔ عوام بالخصوص نوجوان اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے اپنی آواز بلند کریں اور اس کرپٹ، فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کریں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی ہے۔ جماعت اسلامی سودی معیشت کو ختم کر کے زکوٰۃ اور عُشر کے نظام کو نافذ کرے گی جس کے نتیجے میں معیشت مہینوں میں ٹھیک ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کو آئی ایم ایف سے چھٹکارا دلا کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالے گی۔ اس وقت جماعت اسلامی بہترین آپشن کے طور پر موجود ہے