رحیم یار خان(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ،ڈی جی رینجرز پنجاب،سیکرٹری داخلہ پنجاب سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔جمعہ کو وزارت داخلہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق کچے کے علاقے میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پولیس سے اظہار یکجہتی کیلئے پولیس لائنز رحیم یار خان پہنچ گئے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس لائنز رحیم یار خان میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ کچے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں نے عظیم مقصد کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ، شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ، ڈی جی رینجرز پنجاب، سیکرٹری داخلہ پنجاب ، آر پی او بہاولپور، کمشنر بہاولپور، ڈی آئی جی سکھر، ڈی پی او رحیم یار خان، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ، سول و عسکری حکام نے شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔