اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت مشاورتی مہم پر عمل کیا جا رہا ہے تاکہ پالیسی تجاویز کو نیشنل ایکسپورٹ پالیسی بورڈ میں شامل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ہیڈ کوارٹر میں فارماسیوٹیکل اور کیمیکل کے شعبوں سے متعلق سیکٹرل کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ٹی ڈی اے پی ہیڈکوارٹر میں فارماسیوٹیکل اور کیمیکل سیکٹرز پر دو الگ الگ سیکٹرل کونسلز کے اجلاس منعقد ہوئے۔
سٹریٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک (STPF 2022-25) کے تحت 31 مارچ 2022 کو مختلف برآمدی شعبوں کی 16 سیکٹرل کونسلیں تشکیل دی گئیں۔ ان 16 مختلف شعبوں میں سے دو شعبے دوا سازی اور کیمیکل انڈسٹریز کے ہیں جنہیں ٹی ڈی اے پی میں میٹنگز کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ان سیکٹرل اجلاسوں میں وفاقی وزیر تجارت ، سپیشل سیکرٹری کامرس ،ڈریپ اور پاکستان کسٹمز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فارماسیوٹیکل سیکٹر کی نمائندگی کرنے والے عدنان ہیران اور عثمان وحید نے وزیر تجارت جام کمال کو تجارت میں اضافے اور درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔کیمیکل اور پینٹ انڈسٹری کی سیکٹرل کونسل نے بھی وزیر تجارت کے ساتھ ملاقات کی ۔ وزیر تجارت جام کمال نے سیکٹرل کونسل کے اراکین کو یقین دلایا کہ چیلنجز سے نمٹنے اور پاکستان سے مختلف شعبوں میں برآمدی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے قابل عمل حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے ۔