برسلز۔(نمائندہ خصوصی ):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ سےفارن سروس آف پاکستان کے نوجوان افسران کے ایک گروپ نے ملاقات کی جو اس وقت نیدرلینڈز کے کلینجینڈیل انسٹی ٹیوٹ میں سفارتی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔جمعہ کو پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آمنہ بلوچ نے نوجوان افسران کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی فارن سروس میں حالیہ شمولیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کو آگے بڑھانے اور نمائندگی کرنے کی نوجوان افسران کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ ملک کی سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔اپنے خطاب کے دوران پاکستانی سفیر نے افسران کو سفارتخانہ کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے اپنے تجربات شیئر کئے اور یورپی یونین، بیلجیئم، لکسمبرگ اور نیٹو کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔انہوں نے افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ بین الاقوامی تعلقات کے بدلتے ہوئے منظر نامے خاص طور پر یورپی یونین جیسے اہم شراکت داروں کے سلسلے میں باخبر اور فعال طور پر مصروف عمل رہیں۔ بعد ازاں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جہاں نوجوان افسران کو سفیر اور سفارتخانہ کے دیگر افسران کے ساتھ پاکستان کے سفارتی مشنز میں اپنے مستقبل کے کردار پر تبادلہ خیال کے حوالہ سے مزید بات چیت کا موقع ملا ۔