کراچی( بیورو رپورٹ )روزنامہ جسارت کراچی کے سابق چیف ایڈیٹر روزنامہ اردو نیوز جدہ کے سابق ایڈیٹر درویش صفت سینئر صحافی کالم نگار اطہر علی ہاشمی کے مضامین پر مشتمل کتاب” خبر لیجئے زباں بگڑی” کی تقریب اجرا کراچی پریس کلب میں ڈاکٹر پیرزادہ قاسم کی زیر صدارت منعقد ہوئی ۔تقریب سے کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد ، ڈاکٹر نیلو فر سلطانہ ہاشمی ،معروف شاعرہ ریحانہ روحی، وسعت اللہ خان راشد عزیز، مظفر اعجاز، مقصود یوسفی، نصیر ہاشمی ،اے ایچ خانزادہ،حامد الرحمن،ڈاکٹر توصیف احمد خان،مسلم پرویز نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اور دیگرنے خطاب کیا ۔تقریب کی نظامات خلیل اللہ فاروقی نے کی ۔معروف عالمی شہرت یافتہ شاعر دانشور اور کراچی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اطہر ہاشمی کا کردار اور خدمات اتنی اعلی ہیں کہ نئی نسل کے صحافیوں کو اس سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ نیلوفر سلطانہ میری ہونہار شاگرد رہی ہیں اور انہوں نے اپنے شوہر نامور سینئر صحافی اطہر علی ہاشمی کی کتاب مرتب کر کے علالت کے باوجود بھی ایک قابل فخر کارنامہ سر انجام دیا ہے اطہر ہاشمی ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے کہا کہ انہیں اس تقریب میں ا کر بے پناہ مسرت کا احساس ہوا ہے۔کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ سینئر صحافی اطہر علی ہاشمی کے مضامین پر مشتمل” خبر لیجیے زباں بگڑی” کی تقریب اجرا یہاں منعقد ہو رہی ہے ہم آئندہ بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کرتے رہیں گے ۔ہمارے سینئرز کا کردار اورخدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں خصوصا جونیئرز کو ان سے سیکھنا چاہیے ۔معروف شاعرہ ریحانہ روحی وسعت اللہ خان راشد عزیز مظفر اعجاز مقصود یوسفی نصیر ہاشمی اے ایچ خانزادہ اور دیگر شخصیات نے ڈاکٹر نیلوفر سلطانہ کو اطہر علی ہاشمی کے مضامین پر مشتمل کتاب خبر لیجیے زباں بگڑی کی اشاعت پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب شائع کر کے انہوں نے قابل قدر کارنامہ انجام دیا ہے اور ان کے مضامین کو محفوظ کر لیا ہے جبکہ اگر اسی طرح وہ ہمت کرتی رہیں تو بہت جلد ہاشمی صاحب کی دوسری کتاب بھی منظر عام پر لے آئیں گی۔ مقررین نے اطہر ہاشمی کے ساتھ اپنی اپنی صحافتی زندگی میں پیش انے والے واقعات کو حاضرین محفل کے ساتھ شیئر کیا اور کہا کہ وہ لباس خوراک اور لکھنے پڑھنے کے معاملے میں بھی درویش صفت انسان تھے انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ لکھا اور صحافت کی آبرو رکھی یہی باتیں ان کی کتاب میں موجود مضامین میں بھی نظر آئے گی۔ اطہر علی ہاشمی کی اہلیہ ڈاکٹر نیلوفر سلطانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنے کام سے سچی لگن رکھنے والے انسان بہترین باپ اور بہترین شوہر تھے انہوں نے اردو نیوز جدہ میں کام کرنے کے دوران بھی اپنی یہی روش برقرار رکھی جبکہ آج کی جدید صحافت میں اکثر صحافی پلاٹ بنا رہے ہیں گھر بنا رہے ہیں اور بینک بیلنس میں اضافہ کر رہے ہیں مگر اطہر ہاشمی ہمیشہ کرائے کے مکان میں سادہ زندگی بسر کرتے رہے وہ ان کی کمی بے انتہا محسوس کرتی ہیں اور ان کی مغفرت کے لیے دعا گو ہیں انہوں نے صحافی برادری کا اتنی بڑی تعداد میں اس تقریب میں شرکت پر شکریہ کا اظہار کیا ۔تقریب کے آخر میں کلمات تشکر اطہر ہاشمی کی پوتی اسما حماد ہاشمی نے ادا کیے۔ ڈاکٹر نیلوفر سلطانہ کو معروف شاعرہ ریحانہ روحی اور دیگر نے گلدستے پیش کیے ۔واضح رہے کہ خبر لیجیے زباں بگڑی کی اشاعت کا تمام تر سہرا ان کی اہلیہ ڈاکٹر نیلوفر سلطانہ کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنی علالت کے باوجود بہت تندہی اور دلچسپی کے ساتھ ان کے کالموں کا انتخاب کیا انہیں یکجا کیا اشاعت کا منصوبہ بنایا ۔کتاب کی اشاعت اور تقریب کے انعقاد میں کراچی پریس کلب کا خصوصی تعاون شامل ہے ۔