رحیم یار خان(نمائندہ خصوصی )رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے میں11 اہلکار شہید ہوگئے۔ آئی جی پنجاب نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں 7 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں دو گاڑیوں پر ڈاکوؤں نے حملہ کیا۔ دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد اہلکار موجود تھے۔ حکام نے بتایا کہ دونوں پولیس موبائل بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔ ڈاکوؤں نے گاڑیوں پر راکٹ سے حملہ کیا۔رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ اپنے بیان میں صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے پولیس اہلکاروں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کی اور پولیس کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کےلیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم نے زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی اور حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس افسران و جوان جان کی پرواہ کیے بغیر جرائم پیشہ افراد کا سد باب کرتے ہیں۔ پوری قوم پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کےلیے جلد صحتیابی کی دعا کی۔