اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ صارفین پر مہنگی بجلی کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ،توانائی کے شعبہ میں اصلاحات ناگزیر ہیں ،توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،حکومت آئی پی پیز کے حوالے سے عوام کو جلد خوشخبری دے گی جس سے عوام اور صنعت کاروں سمیت سب کا فائدہ ہو گااور اس توانائی کے شعبے میں بہتری کے لئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی۔منگل کو یہاں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ بجلی مہنگی ہے مگر سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، بجلی یونٹ کے ریٹ میں کمی سے عوام پر بوجھ کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے ، موسم سرما میں بجلی کے بہتر استعمال کے لیے صنعتی پیداوار میں اضافہ کرنا ہوگا اور توانائی کی کھپت کو پورا کرنے کے لیے نئے پلانٹس لگانے ہوں گے۔ اویس لغاری نے کہا کہ توانائی کی پیداوار کے حوالے سے غلط اعداد و شمار پیش کئے جاتے ہیں ، اس وقت ہماری 29 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہم 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کر لیں تو 50 ارب روپے کی بچت کی جا سکتی ہے ، ملک بھر میں پنکھے9ہزار میگا واٹ بجلی کا لوڈ لیتے ہیں ،ہمیں بجلی کے پنکھوں کو کم واٹ پر منتقل کرنا ہے۔اویس لغاری نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دے رہے ہیں، ڈالر کی وجہ سے کیپسٹی پیمنٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے انڈسٹری بند ہو رہی تھی، انڈسٹری کو کم قیمت پر بجلی دے رہے ہیں جس کا بوجھ حکومت برداشت کر رہی ہے۔پاکستان بہتری کی طرف جائے گا اور اس سلسلے میں حکومت محنت کر رہی ہے۔اویس خان لغاری کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے متعلق ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے اور قوم کو اس سلسلے میں آئندہ ایک سے دو ماہ میں خوشخبری دی جائے گی۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے آئی پی پیز کے ساتھ بین الاقوامی معاہدے کئے ہوئے ہیں، جن پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ کم آمدن والے صارفین کو کو سستی بجلی دی جاتی ہے، جس کا بوجھ دوسرے صارفین اٹھا رہے ہیں۔