کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے حضرت شاہ عبد الطیف بھٹائیؒ کے عرس کا افتتاح کردیاہے، انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن عزیز کی ترقی و سلامتی کے لئے دعا کی۔جاری اعلامیہ کے مطابق بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام کی عظیم دھرتی ہے جہاں سے بڑے بڑے عالم دین بھی آئے ہیں جنہوں نے امن ، محبت ، بھائی چارے اور اخوت کا پیغام عام کیا ، اس عظیم دھرتی نے ہمیشہ ملکی ترقی و خوشحالی میں
کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ گزشتہ سیلاب سے پریشان سندھ کے باسی آج نئی مشکلات سے دوچار ہیں، انشاءاللہ صوبہ کی ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغا ز جلد ہوگا ۔ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ صنعت کار ، تاجر تھوڑا صبر کریں ، انشاءاللہ انہیں جلد خوشخبری سنائیں گے ،اس وقت معاشی ماہرین کی ٹیم شب وروز محنت کررہی ہے جس کے جلداچھے نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی منصوبہ معاشی اصلاحات لائے گا، اس ضمن میں صدر ، وزیراعظم اور آرمی چیف معاشی استحکام کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ،سب ایک قوم بن کر وطن عزیز کی خدمت کریں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ 6سے 8مہینوں میں آئی ٹی سیکٹر سے معیشت کو زبردست استحکام حاصل ہوگا۔