اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی شہادت میں ملوث دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔منگل کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر ڈی سی پنجگور کے قاتلوں کے انجام سے سبق حاصل کر لیں، پاکستان میں دہشتگردی کو پنپنے کا قطعاً موقع نہیں دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل سدباب تک ہماری دہشت گردوں سے جنگ جاری رہے گی،پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے