کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمارے آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ کا پیغام انسانیت ہے ہمیں انسانیت کے لئے بہت کچھ کرنا ہوگا، وطن عزیز سے بیروزگاری کے خاتمہ ، آئی ٹی کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کا مشن شروع کیا ہے۔گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن شیدائیان رسولﷺ کے تحت محفل نعت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنرسندھ نے مزید کہاکہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعت انسان ہی نہیں بلکہ درخت، پتھروں نے بھی پڑھی، آپ ﷺکی آہٹ سن کر پتھر بھی ادب کرتے تھے، نعت مصطفی کاآغاز عہد نبویﷺ میں ہی ہوگیاتھا جب آپ سرکارہجرت کے بعد مدینہ تشریف لائے تو مدینہ پاک کی معصوم بچیوں نے آپ کا ”طلع البدر علینا“ نعت شریف ترنم کے ساتھ پڑھ کر استقبال کیا تھا۔گورنرسندھ نے آئی ٹی کورس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت گورنرہائوس میں 50ہزار نوجوان آئی ٹی کورسز میں تربیت حاصل کررہے ہیں یہ نوجوان آج 600سے 800ڈالر ماہانہ کمانے کے قابل ہو چکے ہیں حالانکہ ابھی ان کی تربیت بھی مکمل نہیں ہوئی ہے انشاءاللہ یہ نوجوان کورس مکمل کرنے کے بعد 15سے 20لاکھ روپے سے زائد ماہانہ کما سکیں گے اس طرح وطن عزیز سے بیروزگاری کے خاتمہ اور نوجوانوں کو روزگار سے منسلک کرنے کا مشن شروع کیا ۔ ایسے ان با صلاحیت نوجوانوں کو قرضہ حسنہ بھی دیا جارہا ہے جو اپنے کاروبار کا پروپوزل بناکر لارہے ہیں۔ پروپوزل کے حساب سے ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک دیئے جارہے ہیں تاکہ ہمارے یہ با صلاحیت بھائی کاروبار کریں اور اپنے اور اپنے پیاروں کی زندگیاں سنوار سکیں۔انہوں نے کہاکہ مستحقین میں اب تک 7لاکھ سے زائد راشن بیگز تقسیم کر چکے ہیں اورالحمد اللہ یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔راشن بیگ میں حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق اشیاءمیں آٹا ، چینی ، دال ، تیل ، گھی اور دیگر شامل ہیں یہ راشن بیگ ایک چھوٹی فیملی کے لئے مہینہ بھر کی ضرورت پوری کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے گورنرہائوس کے باہر”امید کی گھنٹی“ لگائی ہے جہاں لوگ اپنے مسائل لے کر آتے ہیں جنھیں فوری حل کردیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کے متاثرین کو موٹر سائیکلیں بھی دی جارہی ہیں جبکہ بے شمار منصوبے ایسے ہیں جن سے عوام کو بھرپور سہولیات فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ کا پیغام انسانیت ہے ہمیں انسانیت کے لئے بہت کچھ کرنا ہوگا۔ آج اس نعت کی محفل میں بھی نبی کریمﷺ کی شان میں جو اشعار پڑھے گئے ان میں بھی آقائے دوجہاں کی انسانیت سے محبت کا پیغا م دیا گیا ہے ہمیں اسی پیغام کو آگے بھی پھیلانا ہے اور ہم اپنی آخری سانس تک اپنے پیارے نبیﷺ کے پیغام کو آگے بڑھائیں گے۔