راولپنڈی (نمائندہ خصوصی ):سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادی ، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگردوں جہنم واصل جبکہ 3 جوان شہید ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع باجوڑ میں 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب پاک افغان بارڈرپرخوارج کے ایک گروپ کی نقل وحرکت دیکھی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد جہنم واصل اور 4 زخمی ہوئے۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 بہادر جوانوں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمرحیات اور سپاہی وقار خان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مستقل افغان حکومت سے کہتا رہا ہے سرحد کے اطراف مؤثربارڈر منیجمنٹ یقینی بنائے لہٰذا امید ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔