اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آئی ٹی پارک ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے منصوبوں، آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کے نفاذ اور ڈیجیٹائزیشن پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے پر اب تک پیشرفت اطمینان بخش ہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کورین ماہرین سے مشاورت کے بعد اس کی تعمیراتی مدت میں مزید کمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا،25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آئی پارک ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو حکومتی خدمات کیلئے موبائل ایپلیکیشن کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے۔وزیرِ اعظم نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں
مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئی ٹی پارک کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے،کورین کمپنی نے آئی ٹی پارک کی تکمیل کی مدت کو جون 2025 سے کم کرکے فروری 2025 کر دیا ہے،اسلام آباد آئی ٹی پارک پر 24گھنٹے کام جاری ہے، سی ڈی اے کی ٹیمیں کام کی نگرانی کیلئے باقاعدگی سے سائٹ کا دورہ کر رہی ہیں۔اجلاس کو ڈیجیٹل سمارٹ سٹیز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد سے ڈیجیٹل سمارٹ سٹیز کے پائلٹ پراجیکٹ کا اجراء کیا جا رہاہے،شہریوں کو اسلام آباد سٹی سپر ایپلیکیشن کے ذریعے 150 سروسز کی آسان رسائی ہو گی۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے حکومتی و انتظامی خدمات بشمول، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اسلام آباد پولیس، صحت اور تعلیم کی سروسز میسر ہوں گی۔اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی گزشتہ پانچ ماہ کی کارگردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گزشتہ برس کی نسبت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا،گزشتہ پانچ ماہ میں تین لاکھ طلباء آئی ٹی سکلز کے پروگرامز میں تربیت کیلئے رجسٹرڈہوئے، 4 نئے انکیوبیشن سینٹر کا اجراء کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں حکومت کے اقدامات کی بدولت موبائل فونز کی تیاری میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 8 لاکھ کا اضافہ ہوا۔وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر پر پہنچانے کیلئے آئی ٹی شعبے سے متعلقہ تمام ادارے مل کر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔اجلاس کو آئی ٹی شعبے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ان سے آئی ٹی برآمدات میں مرحلہ وار اضافے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ آئی ٹی شعبے میں 77 ملین ڈالر کی حکومتی سرمایہ کاری سے آئی ٹی برآمدات میں 2.5 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے،ملکی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے 10 ارب ڈالر، ٹیلی کام شعبے سے 2 ارب جبکہ حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں 13 ارب ڈالر کا زر مبادلہ متوقع ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں وفاقی حکومت کی تمام خدمات بشمول مالیاتی، صحت، زراعت، تعلیم، انتظامی اور سکیورٹی کی خدمات موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں تک رسائی کیلئے منصوبہ حتمی مراحل میں ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹرز ملک مختار بھرتھ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔