کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی اور میونسپل کمشنر کی ہدایت پر سینئر ڈائریکٹراسٹیٹ عمران راجپوت کاموتی لال نہرو روڈ مارکیٹ میں غیر قانونی قبضے کیخلاف دبنگ ایکشن، مارکیٹ کی مبینہ گزرگاہ پر دیدہ دلیری سے بنائی گئی دکان سربمہرجبکہ پارکنگ ایریا میںگودام کی تعمیرات کو بھی روک دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضی وہاب اور میونسپل کمشنر افضل زیدی کی جانب سے قبضہ مافیا کیخلاف فوری کارروائی کے احکامات پر سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ عمران راجپوت نے موتی لال نہرو روڈ مارکیٹ کی گزرگاہ پر بنائی گئی غیر قانونی دکان کو سربمہر کردیا جبکہ پارکنگ ایریا میں گودام کیلئے ہونے والی تعمیرات کو بھی فوری طور پر بند کرادیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چند عناصر نے مارکیٹ کی گزرگاہ پر انتہائی دیدہ دلیر ی کے ساتھ نہ صرف دکان کی تعمیرات مکمل کرلی تھیں جبکہ پارکنگ کی جگہ پر گودام بھی تعمیر کیا جارہا تھا ،اطلاع ملنے پر سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ عمران راجپوت نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے گزرگاہ پر بنائی گئی دکان کو سربمہر کرادیا جبکہ گودام کی تعمیرات کو بھی روک دیا گیا ،اس میں دلچسپ امر یہ ہے کہ گزرگاہ پر بنائی گئی دکان کا نمبر18 درج کردیا گیا تھا جبکہ پارکنگ ایریا میں بنائے گئے گودام کا نمبر9 دیوار پر درج کردیا گیا تھا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ اسٹیٹ کے سابق افسران نے مذکورہ گزرگاہ پر دکان کی تعمیر اور پارکنگ ایریا میں گودام بنانے کی مبینہ طور پر اجازت دی تھی اور اس کی سرپرستی کررہے تھے،اس سلسلے میں سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ عمران راجپوت کا کہنا ہے کہ مذکورہ دکان اور بنائے جانے والے گودام کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو کے ایم سی کی مارکیٹ اور ارضی پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ دکان کو سربمہر کیا ہے اور جلد ہی اسے منہدم بھی کیا جائے گا اور مارکیٹ کی قبضہ کی گئی گزرگاہ کو ہر صورت واگزار کرایا جائے گا