اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی ) بھارتی ذرائع ابلاغ خاص طورپرمقبوضہ جموں وکشمیرکی صورتحال سے متعلق رپورٹنگ کرتے وقت آر ایس ایس اوربی جے پی کی ترجمانی کررہے ہوتے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس سے منسلک بھارتی میڈیا کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرکی صورتحال کے بارے میں رپورٹنگ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے بارے میں من گھڑت اور گمراہ کن کہانیوں پر مبنی ہوتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگست 2019سے مقبوضہ جموں و کشمیرکے بارے میں بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ میں واضح جانبداری اور تعصب نظرآتا ہے۔رپورٹ میںکہا گیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے متاثر میڈیا مقبوضہ علاقے کی حقیقی صورتحال کے بارے میں جھوٹی باتیں پھیلا رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی میڈیا کشمیر کی حقیقی صورتحال اور زمینی حقائق کو مسلسل توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹی خبروں کا سہارا لے رہا ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیاکہ بھارتی میڈیا غلط معلومات اور جعلی خبریں پھیلانے میں سب سے آگے ہے اور بھارتی میڈیا کی طرف سے کشمیر کی کوریج صحافتی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی صحافی اور ٹی وی اینکر اپنے بیانیے کو کشمیر کے بارے میں مودی حکومت کے سرکاری موقف سے ہم آہنگ کرتے ہیں اور بھارتی میڈیا کی جارحانہ اور نفرت انگیز بیان بازی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کے آمرانہ ایجنڈے کی حمایت کرتی ہے۔