اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام ، لائن لاسز میں کمی ،بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کرنا اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،حال ہی میں بجلی کی ترسیل کی پانچ کمپنیوں میں نئے بورڈ چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی ایک شفاف عمل کے ذریعے کی گئی ہے ، امید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر پاور اور وفاقی سیکرٹری پاور کو بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی ، دیگر معاملات پر چاروں صوبوں کا دورہ کرنے،صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرنے اور انسداد بجلی چوری کے لئے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی انسداد بجلی چوری کے حوالے سے پولیس فورس اور تحصیلداروں کی تعداد ڈسکوز کی ضرورت کے مطابق پوری کی جائے،ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں موجود کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے ۔وزیراعظم نے ڈسکوز کی عوامی شکایات کے ازالہ کے حوالے سے کچہریوں کے نظام کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے ، بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے بنائی گئی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس فی الفور طلب کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت توانائی ، پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم کو پاور ڈویژن کے مختلف امور پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے ایس او پیز اور سٹیئرنگ کمیٹی کو نوٹیفائی کر دیا گیا ہے،اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی پذیرائی کے حوالے سے پیکج تیار کیا جا رہا ہے ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام ، لائن لاسز میں کمی ، بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کرنا اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بجلی کی ترسیل کی پانچ کمپنیوں میں نئے بورڈ چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی ایک شفاف عمل کے ذریعے کی گئی ہے ، امید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر پاور اور وفاقی سیکرٹری پاور کو بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی اور دیگر معاملات پر چاروں صوبوں کا دورہ کرنے ، صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرنے اور انسداد بجلی چوری کے لئے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری کے حوالے سے پولیس فورس اور تحصیلداروں کی تعداد ڈسکوز کی ضرورت کے مطابق پوری کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں موجود کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔وزیر اعظم نے ڈسکوز کی عوامی شکایات کے ازالہ کے حوالے سے کچہریوں کے نظام کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے بنائی گئی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس فی الفور طلب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔