کراچی (نمائندہ خصوصی ) بانی و چیئر مین سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ مولانا بشیر فاروق قادری کومتحدہ عرب امارات کی جانب سے سافٹ ڈپلومیسی ایوارڈ دیا گیا ہے۔مولانا بشیر فاروق قادری کویہ اعزاز یو اے ای اور پاکستان کے مابین تعلقات کے فروغ میں بہترین معاون ہونے کے اعتراف میں دیا گیا۔ یہ اعزاز انہیں یو اے ای قونصلیٹ کراچی میں جشن آزادی کی تقریب کے موقع پر دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل امارات کراچی ڈاکٹر بخیت عتیق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے مابین 6 دہائیوں سے برادرانہ تعلقات ہیں۔ یو اے ای کی ترقی میں پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے، دونوں ممالک کی دوستی تاحیات برقرار رہے گی۔ تقریب میں پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے اماراتی وزیر برائے بین المذاہب کا خصوصی پیغام نشر کیا گیا۔واضح رہےکہ تقریب میں صحت، تعلیم، کھیل، صحافت، موسمیاتی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرنے والوں، ہوابازی اور ثقافت سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی تعریفی اسناد دی گئی ہیں۔