کراچی، ( نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت 15 اگست 2024 کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں کے ماحول پر پڑنے والے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کے مطابق، حکومت سندھ کے زیر انتظام تمام دفاتر میں فوری طور پر پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے بجائے دفاتر میں جگ اور گلاس کا استعمال کیا جائے گا تاکہ پلاسٹک کے فضلے کو کم کیا جا سکے اور ماحول دوست طریقوں کو فروغ دیا جا سکے۔ اس حوالے سے محکمہ سورس اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے تمام متعلقہ محکموں کو فوری طور پر ہدایات پر عمل کرنے کے لیے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ حکومت سندھ دیگر شعبوں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ بھی اسی طرح کے ماحول دوست اقدامات اختیار کریں۔