اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):مسابقتی کمیشن(سی سی پی) نے مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی کرنے پر میسرز ڈائمنڈ پینٹ انڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے ۔مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور ممبر سلمان امین پرمشتمل بنچ نے نپون پینٹ پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے ڈائمنڈ پینٹ کے برانڈ ’درسلک‘ کے مختلف ٹیلی ویژن چینلز پر چلنے والے اشتہارات میں پراڈکٹ کی مکمل اور درست معلومات نہ دینے پر دائر کی گئی شکایت پر فیصلہ دیتے ہوئے ، ڈائمنڈ پینٹ کو پراڈکٹ کے اشہارات میں پراڈکٹ کے بارے مکمل معلومات دینے کا حکم دیا اور کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی پر پچاس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔نپون پینٹ کی شکایت کے نتیجے میں کی گئی انکوائری سے ثابت ہوا کہ ڈائمنڈ پینٹ، اپنے پینٹ کے ڈبوں (پیکیجنگ) اور رنگوں کے شیڈ کارڈز پر موجود ڈس کلیمرز میں لکھا ہے کہ پینٹ کے ڈبے میں ڈسکائونٹ ٹوکن موجود ہے لیکن پینٹ کے ٹیلی ویژن پر چلنے والے اشتہارات میں ان ڈسکائونٹ کے ٹوکن کی موجودگی اور انکی قیمت کا ذکر نہیں کیا جاتا۔ اس طرح مکمل معلومات کی فراہمی نہ کرنے سے صارفین کی فیصلہ سازی بھی متاثر ہوتی ہے ۔صارفین کو درست اور آزادانہ فیصلہ سازی کے لئے اشتہارات میں شفافیت اور اہم معلومات کی مکمل فراہمی بہت ضروری ہے ، کیونکہ ٹی وی پر چلنے والے اشہارات اکثر صارفین کے لئے مصنوعات کے بارے میں فیصلہ کرنے کا پہلا ذریعہ ہوتے ہیں۔پینٹ کے ڈبوں میں موجود ٹوکن دکاندار کو جمع کروا کر نقد ڈسکائونٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اگر صارف کو اس ٹوکن کی موجودگی کا علم نہ ہو تو اکثر اوقات رنگ کرنے والے ٹھکیدار، ان ڈبوں میں موجود ٹوکن پر نقد ڈسکائونٹ خود حاصل کر لیتے ہیں ۔ اس ڈسکائونٹ کا فائدہ اصل صارف کے بجائے ٹھیکیدار کو حاصل ہوتا ہے۔مسابقتی کمیشن نے پینٹ کے ڈبوں میں موجود ٹوکن کے استعمال اور اس بارے اشتہارات میں معلومات کی فراہمی پر ڈائریکٹشن اور حکم نامہ جاری کر رکھا ہے۔ڈائریکشن میں پینٹ مینوفیکچررز کو اشتہارات ، پروموشنل مواد اور پیکیجنگ میں ٹوکن کی موجودگی اور اس کی قیمت کا واضح طور پر اعلان کرنے کو لازمی قرار دیا تھا۔ کمیشن کے بنچ نے اپنے حکم نامے میں اس بات پر زور دیا کہ ٹوکن کی موجودگی کی واضح اطلاع صارفین کی فیصلہ سازی کے لیے بہت اہم ہے ۔ فیصلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ دیا میسرز ڈائمنڈ پینٹ لمیٹڈ صارفین کو خریداری کے باخبر اور درست فیصلے کرنے کے لیے درکار تمام معلومات فراہم نہیں کر رہی اور اس طرح اس نے قابل واپسی ٹوکن کے استعمال سے متعلق کمیشن کی ڈائریکشن کی خلاف ورزی کی ۔ کمیشن نے سی سی پی ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر ڈائمنڈ پینٹ کو اشتہارات میں ٹوکن بارے واضح معلومات دینے کا حکم دیتے ہوئے 50 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔