کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتی ہونیوالے 10 ڈی ایس پی لیگل سمیت 44 ڈی ایس پیز نے ملاقات کی۔جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے دوران ملاقات نوجوان ڈی ایس پیز سے اپنے سروس کیریئر کے دوران مختلف عہدوں پر تعیناتیوں سمیت بحیثیت آئی جی سندھ پولیسنگ اور درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے سے متعلق اپنے تجربات شئیرکیئے۔انہوں نے تمام ڈی ایس پیز کو محکمہ پولیس سندھ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایک ڈسپلن فورس کا باقاعدہ حصہ بننے جارہے ہیں اورزندگی میں ڈسپلن کو اپنا ضروری حصہ بنانے سے آپکی توقیر مزیدید بڑھےگی تاہم آپ لوگ محکمانہ تربیت کی تکمیل کے بعد بحیثیت ایک پولیس آفیسر فرائض کی ادائیگی میں ایمانداری اور دیانت کو بھی اپنا شعار بنائیں گے جبکہ دوران فرائض آپ لوگوں کے ٹرن آؤٹ اور نظم و ضبط سے عوام میں ایک اچھا تاثر جائیگا کیونکہ نظم و ضبط،قواعد و ضوابط کی پاسداری ہی محکمہ پولیس کی شناخت ہیں لہذا ضروری ہے کہ فرائض کی ادائیگی میں محنت،دیانت، صداقت اور انصاف کو اہمیت دیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب کریمنل جسٹس سسٹم کی بنیاد ہی انصاف اور دیانتداری پر ہے تو پھر کیوں نہ آپ اپنے اچھے کام اور غیرجانبدارانہ اقدامات سے خود کو ناصرف محکمے میں بلکہ عوام میں بھی اچھی شہرت والا اور نیک نام بنائیں اور کریمنل جسٹس سسٹم کو بھی مضبوط بنانے میں اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار یقینی بنائیں۔آئی جی سندھ نے بتایا کہ حکومت سندھ نے خواتین کی پولیس میں ملازمتوں کا کوٹہ 15 فیصد کردیا ہے۔آج اس ملاقات کے توسط سے میں آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں اس امید کیساتھ کہ آپ فرائض کے دوران کبھی اپنے اصولوں،نظم و ضبط اور غیر جانبدارانہ اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔