سکردو (نمائندہ خصوصی ):ٹیلی نار پاکستان نے گلگت بلتستان کے علاقے میں اپنے نیٹ ورک میں توسیع کر کے ہنزہ میں اپنی جدید ترین انٹرنیٹ سروسز فورجی کا آغازکر دیا۔ گلگت اور سکردو میں اپنے نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن اور توسیع کے ساتھ یہ خطے کی ڈیجیٹل تبدیلی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ کمپنی کی جانب سے یہ اقدام کنیکٹیویٹی کو بڑھانے، مقامی سیاحت کو فروغ دینے اور ہنزہ اور سکردو سمیت گلگت بلتستان کے وسیع تر علاقے میں ای کامرس کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔اس اہم سنگ میل کے موقع پر ٹیلی نار پاکستان نے "انلیشنگ دی پاور آف کنیکٹیویٹی: پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو ڈیجیٹل حب میں تبدیل کرنا۔” کے عنوان سے ایک پینل ڈسکشن کی بھی میزبانی کی ۔ اس تقریب میں تعلیم، ای کامرس، سیاحت اور مہارت کی ترقی سمیت مختلف اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خرم اشفاق نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تیزی سے بدلتی ڈیجیٹل دنیا میں، جہاں کنیکٹوٹی ترقی کا ایک اہم جز ہے، ٹیلی نار پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کو تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی اور اس کے نتیجے میں ملنے والے فوائد پر بہت پرجوش ہے۔گلگت بلتستان کی علاقائی دشواریوں میں جہاں کنیکٹوٹی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے اعلی معیار کی سروسز کو برقرار رکھنا ایک مشکل عمل ہے۔ ہم نے یہ چیلج قبول کیا جو ان کمیونٹیز کو جوڑنے اور بااختیار بنانے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے ۔ ہم خطے کے ڈیجیٹل سفر میں تعاون کرنے اور معاشی و معاشرتی ترقی کے لیے پر عزم ہیں۔ 2019میں گلگت اور سکردو میں سروسز کے کامیاب آغاز کے بعد، ٹیلی نار پاکستان نے اب اپنی رسائی ہنزہ تک بڑھا دی ہے، ایک ایسا خطہ جہاں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کمیونٹیز کے لیے ڈیجیٹل دنیا میں اپنا تعارف کروانے کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ یہ اقدام ٹیلی نار پاکستان کی جامع ترقی اور ترقی کو فروغ دینے، رابطوں کے فرق کو پر کرنے اور مقامی کمیونٹیز کو اقتصادی اور سماجی ترقی کے نئے مواقع کے ساتھ بااختیار بنانے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔