مظفرآباد: (۔کشمیرمیڈیاسروس )مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن سمعیہ ساجد کی صدارت میں آج مظفر آباد میں پاکستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں خواتین کی آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ ہرکشمیری کی آواز ہے۔پاکستان دنیا کے نقشے پر واحد ملک ہے جو اسلام کے عالمگیر نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ شب ملٹری اکیڈمی کاکول میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے جس دوٹوک انداز میں کشمیری عوام کے حق خوداردایت کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ کیا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے اس پر نہ صرف کشمیری عوام شکر گزار ہیں بلکہ اس سے کشمیریوں کو ایک نیا ولولہ اور جذ بہ ملا ہے۔ہماری آزادی کی خوشیاں اس وقت تک ادھوری ہیں جب تک ہم اسی طرح چوک میں سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے یوم آزادی نہیں مناتے۔ کشمیر ی پرچم کے اندر پاکستان کے پرچم کا رنگ شامل ہے، تما م دریائوں ، پہاڑوں کا رخ پاکستان کی طرف بہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ 19جولائی 1947 کو الحاق اپاکستان قرارداد پیش کر کے پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کے فیصلہ کرنے والے اسلاف کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور مجاہداول کا دیا گیا نعرہ کشمیربنے گا پاکستان نے ہمارے مستقبل کا تعین کیا ہے۔کانفرنس سے پروفیسرڈاکٹر ریحانہ کوثر ، کوثر پروین اعوان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، ممبر ضلع کونسل و وائس چیئرپرسن خواتین ونگ باغ نسرین اختر راجہ ،پروفیسر ڈاکٹر سفینہ لطیف ، مسرت شیخ اوردیگر نے بھی خطاب کیا ۔