نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کلکتہ میں ایک جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس گھنائونے واقعے میں ملوث مجرموں کو سخت سزادینے کا مطالبہ کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک بیان میں کہاکہ کلکتہ میں ایک جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے لرزہ خیز واقعے سے پورا ملک صدمے میں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس واقعے سے ظاہرہوتاہے کہ بھارت میں ڈاکٹر خصوصا خواتین بالکل بھی محفوظ نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ ڈاکٹر کو انصاف فراہم کرنے کے بجائے اس گھنائونے واقعے میں ملوث مجرم کو بچانے کی کوشش نے ہسپتال اور مقامی انتظامیہ پر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔راہل گاندھی نے کہاکہ اس واقعے نے یہ سوچنے پر مجبور کردیا کہ جب بھارت میں میڈیکل کالج میں بھی ڈاکٹر محفوظ نہیں ہیں تو کس پر اعتماد کر کے والدین اپنی بیٹیوں کو پڑھنے کے لیے باہر بھیجیں گے۔انہوں نے سوال کیاکہ نئی دلی میں ایک طالبہ نربھیا کی عصمت دری کے بعد بنائے گئے سخت قوانین بھی بھارت میں خواتین کی عصمت دری کے واقعات کو روکنے میں کیوں ناکام ہورہے ہیں۔