نوشہرہ (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں سے معرض وجود میں آیا، یہ ملک تاقیامت قائم رہے گا، کوئی سیاسی لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ان شاءاللہ اس ملک کو سنواریں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب نوشہرہ میں جشن آزادی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے رہنما اختیار ولی خان بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اختیار ولی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے برے وقتوں کا ساتھی ہے، انہوں نے جیلیں کاٹیں مگر نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ اختیار ولی نہ جھکنے والا ہے نہ بکنے والا اور نہ ڈرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نوشہرہ کے عوام نے جس طرح ہمارا استقبال کیا، انہوں نے پختون روایات کا مان رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر آج خیبر پختونخوا کی دھرتی پر اس لئے آیا ہوں تاکہ یہاں سے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرسکوں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں وجود میں آیا اور تاقیامت قائم رہے گا، یہ ملک لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چند لوگوں نے جناح ہائوس کے باہر کھڑے ہو کر کہا تھا کہ نیازی نہیں تو پاکستان نہیں، یہ لوگ کان کھول کر سن لیں کہ یہ پاکستان ان کے بغیر چل رہا ہے اور درست سمت میں چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان مکروہ چہروں کو جانتے ہیں جنہوں نے 9 مئی کو حملے کئے، یہ لوگ بگاڑ پیدا کرتے ہیں اور ہم ملک کو سنوارتے ہیں، آپ 9 مئی والے ہیں اور ہم 28 مئی والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر نواز شریف کو کہا گیا تھا کہ ایٹمی دھماکے نہ کرو، نواز شریف نے 28 مئی کو چھ ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے موٹر ویز اور ڈیمز بنائے، ہم ملک بنانے والے ہیں، نواز شریف اس ملک کا محافظ ہے، ہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس ملک کو سنواریں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران نیازی کے چار سالہ دور میں اس ملک کے ساتھ مذاق کیا گیا اور اسے بے دردی سے لوٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پھر دہشت گردی چل رہی ہے، ان شرپسندوں کو کون واپس لے کر آیا؟ آج خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے بے گناہ شہریوں اور سیکورٹی جوانوں کا خون بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کو انشاءاللہ محفوظ بنائیں گے، عزم استحکام کا نعرہ اس لئے لگایا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو دہشت گردوں سے محفوظ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست امن، ترقی اور محبت پر مبنی ہے جبکہ عمران نیازی لوگوں میں تقسیم اور معاشرے میں انارکی پھیلا کر سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے تھے، ہمارا لیڈر پاکستان کی خاطر ان کی عیادت کے لئے ہسپتال گیا لیکن انہوں نے پاکستان کی ترقی کے لئے ہمارے تعاون کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیروزگاری، مہنگائی اور بدامنی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، ہماری حکومت آنے کے بعد مہنگائی میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، آج اسٹاک ایکسچینج اوپر جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم آزادی پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی ہیں، یہ عوام کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کا تحفہ ہے، اچھے دن آنے والے ہیں، عوام امید رکھیں ملک سے مہنگائی اور اندھیروں کا جلد خاتمہ کریں گے۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔