کراچی( نمائندہ خصوصی ) پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور سیلرز کے چاق و چوبند دستے نے روایتی جوش و جذبے کے ساتھ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور گارڈ کا مُعائنہ کیا۔ مہمان خصوصی اور کیڈٹس نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو قومی سلام پیش کیا۔ گارڈز کی تعیناتی کے بعد، مہمان خصوصی نے چیف آف دی نیول اسٹاف، پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔قبل ازیں، دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا اور پاک بحریہ کے زیر انتظام تمام مساجد میں ملکی یکجہتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پاک بحریہ کے جہازوں اور تنصیبات کو روایتی انداز میں سجایا گیا۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی یونٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔پاک بحریہ کی یونٹس میں یوم آزادی کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کی گئیں جن میں صبح کے وقت قومی ترانہ پڑھنا ،سائیکل ریسز اور بوٹ ریلیز شامل تھیں۔ سی ٹی ایف 150 کی کمانڈ میں پی این مشن نے بھی کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) ہیڈ کوارٹر (بحرین) میں یوم آزادی منایا۔پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں بھی یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکول کے بچوں نے ملی نغموں پر ٹیبلوز پیش کیے اور یوم آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔صدر پاکستان نے یوم آزادی کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز/سیلرز اور سویلینز کے لیے عسکری اور سول اعزازات دینے کی بھی منظوری دی جن میں 03 ہلال امتیاز (ملٹری)، 14 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 14 تمغہ امتیاز (ملٹری) شامل ہیں۔اس کے علاوہ ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز اور سیلرز کے لیے تمغہ خدمت (ملٹری) کے 97 ایوارڈز کی منظوری دی گئی ہے۔ سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے افسران، ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز/ سیلرز اور سویلینز کے لیے ستائشی خطوط کی بھی منظوری دی گئی۔پاک بحریہ نے جشن آزادی وطن عزیز کو کسی بھی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے عزم کے ساتھ منایا۔