اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے دروازے دنیا کے لئے کھولے جا رہے ہیں، 126 ممالک سے پاکستان آنے والے سیاحوں کے لئے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے، ای ویزا پالیسی متعارف کرائی گئی ہے جو آج رات سے نافذ العمل ہوگی، خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں، انہیں آن ارائیول ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا جس پر پورے ملک میں جشن منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرف سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتیں ان خوشیوں میں شریک ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے جیولین تھرور ارشد ندیم کا وطن واپسی پر غیر روایتی انداز میں استقبال کیا گیا، انہیں ہیرو ویلکم دیا گیا، ان کے طیارے کو واٹر کینن سے سلامی دی گئی۔ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں روانہ ہونے سے پہلے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، ان کے کچھ مسائل تھے جنہیں حل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل اور 32 سال بعد کوئی میڈل جیتا ہے جو باعث مسرت ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر یہ خوشی مزید دوبالا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب نے میاں چنوں میں ارشد ندیم سے کے گھر جا کر ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پچھلے دور میں ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی ایک اچھا اقدام تھا۔ سپورٹس مین کا ذریعہ معاش ہی سپورٹس ہوتا ہے، ڈیپارٹمنٹل سپورٹس اس لئے شروع کی گئی تھی تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کی کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ارشد ندیم کو اسلام آباد میں ہیرو ویلکم دیا جائے گا، وہ ریڈ زون میں قیام کریں گے اور اس کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں ان کے اعزاز میں سرکاری ضیافت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا جھنڈا پیرس میں بلند کیا، وہاں پاکستان کا ترانہ بجایا گیا، سبز ہلالی پرچم سب سے اوپر تھا کیونکہ ارشد کی جیولین تھرو سب سے آگے تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں ریکارڈ توڑا جو بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی ایک منفرد کہانی ہے جو لاکھوں نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ ارشد ندیم کی زندگی پر ایک شارٹ ٹیلی فلم بننی چاہئے جس کے اندر ان کی پوری جدوجہد کو دکھایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کی مرکزی تقریب میں بھی ارشد ندیم کو مدعو کیا گیا ہے، وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا ہیرو ہے، ان کی کامیابی پر ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ای ویزا پالیسی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 126 ممالک کے لئے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے، ویزا پروسیس کو آسان بنا دیا گیا ہے، آج رات سے اس پر عمل درآمد شروع ہو رہا ہے۔ 126 ممالک کے باشندوں کے لئے ایک سادہ فارم متعارف کرایا گیا ہے جسے پُر کرنے میں 10 منٹ کا وقت لگے گا، جیسے ہی اس فارم کو پُر کر کے کلک کیا جائے گا تو فوری طور پر ای ویزا جاری کر دیا جائے گا جو 90 دن کے لئے کارآمد ہوگا جس کی 90 دن کے بعد تجدید ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فارم میں 30 سوالات فراہم کئے گئے ہیں جن کا جواب دینے پر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان 126 ممالک کے لئے ویزا فیس لاگو نہیں ہوگی، لوگوں کو ویزا کے حصول کے لئے سفارت خانوں اور ہائی کمیشنز میں نہیں جانا پڑے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خوبصورت ملک ہے، یہاں بہت پوٹینشل ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بیرونی دنیا سے لوگ یہاں آئیں اور ہمارے ملک کی خوبصورتی دیکھیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں خوبصورت پہاڑ اور خوبصورت وادیاں ہیں، یہاں صحرا اور سمندر ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہر نعمت سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے لئے پاکستان میں سیاحت کو آسان بنانا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ خلیجی ممالک کو آن آرائیول ویزا فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو بھی ویزا میں سہولت دی گئی ہے، سیاحت اور کاروبار کے لئے پاکستان کے دروازے دنیا کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای ویزا پالیسی آج رات 12 بجے سے نافذ ہوگی۔ یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے شاندار تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، چاروں صوبائی حکومتوں میں بھی اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد میں ایف نائن پارک میں جشن آزادی کا ایک بڑا ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان کا پہلا ڈرون شو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کل ایف نائن پارک میں 500 ڈرون نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر سیاسی تقریب ہے، اس میں صرف پاکستان کا پرچم نظر آئے گا، کسی سیاستدان کی تصویر اس تقریب میں آویزاں نہیں کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ اور پرامن ملک ہے، ایئرپورٹ پر غیر ملکیوں کے لئے ایک ڈیسک قائم کیا جائے گا جہاں سکیورٹی اداروں کو سیاحوں کے سفر سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، سیاحوں کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سیاحوں کی سکیورٹی کے لئے بہترین انتظامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہر سال ہزاروں سیاح آتے ہیں، وہاں پاکستانی کم غیر ملکی زیادہ ہوتے ہیں۔ گلگت بلتستان میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے لئے سکیورٹی انتظامات میں مزید بہتری دیکھنے میں آئے گی ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے دوروں کے دوران ہم نے خیبر پختونخوا کے اندر سیاحتی مقامات کے بارے میں تجاویز دیں کہ ان علاقوں میں ہوٹلز کھولے جا سکتے ہیں، اسلام آباد میں بھی ہوٹلز کی کمی ہے، اس کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ نئے ہوٹلز یہاں قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحتی شعبے نے بے پناہ ترقی کی ہے، سیاحوں کے لئے معیاری اور سستی رہائش گاہوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ارشد ندیم کے معاملہ کو الجھانے کی کوشش کی، سوشل میڈیا پر لائیکس اور ویور شپ کی دوڑ جاری ہے، جھوٹ، بہتان، الزام، سازش اور ملک کے خلاف بیانیہ کو رد کرنا ہوگا۔ نفرتوں سے پاک پاکستان ہماری منزل ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے، پاک فوج میں میرٹ کا نظام ہے، پاک فوج میں احتساب کے نظام پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔