اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے کہا ہے کہ ہماری نئی نسل پاکستانی ثقافت اور اس کی خوبصورتی سے بخوبی آگاہ ہے ، ہم ایک باصلاحیت قوم کی حیثیت سے ہر میدان میں اپنا مقام حاصل کریں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں انفارمیشن سروس اکیڈمی میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ڈیجیٹل فوٹو گرافی اور پینٹنگ نمائش سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے نمائش میں شامل طالب علموں کی تیار کردہ تصاویر اور پینٹنگز کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کی جانب سے اس فوٹو گرافی اور پینٹنگ نمائش میں شرکت نئی نسل کی اپنی مادر وطن سے وابستگی کا اظہار ہے۔ ان تصاویر اور پینٹنگز میں ملک و قوم کی ثقافت کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔ انہوں نے بالخصوص طالبات کی محنت اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ہر سال یوم آزادی کے موقع پر اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے۔ انہوں نے 14 اگست کے موقع پر اس شاندار نمائش کے انعقاد پر طلبا، اساتذہ اور وزارت اطلاعات و نشریات کو مبارکباد پیش کی۔ عنبرین جان نے وطن عزیز کی آزادی کے لئے بزرگوں کی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام منعقدہ نمائش میں کوکنگ، موسیقی، تاریخی عمارات، ملبوسات اور تصاویر سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کی ثقافت کو پیش کیا گیا۔ نمائش میں مختلف یونیورسٹیوں کے طالب علموں کی جانب سے ملک کی مختلف ثقافتی سرگرمیوں کی عکاسی کرنے والی پینٹنگز بھی پیش کی گئیں۔ اسی طرح فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے اسکولز کی طالبات کی بنائی ہوئی پینٹنگز کو بھی نمائش میں رکھا گیا۔ نمائش میں پاکستان کے خوبصورت مناظر، جھیلوں اور تاریخی عمارات کی تصاویر دکھائی گئیں جنہوں نے بڑی تعداد میں شرکاءکو اپنی جانب متوجہ کیا۔ نمائش کے شرکاءنے یونیورسٹی کے طالب علموں کی جانب سے ملک کی ثقافت کو شاندار پینٹنگز کے ذریعے پیش کرنے پر سراہا۔تقریباً 54 طلبہ نے اپنے آرٹ ورک کے ذریعے پورٹریٹ اور پینٹنگز کی نمائش میں حصہ لیتے ہوئے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ایک بک سٹال بھی لگایا گیا تھا جس میں پاکستان کی آزادی اور تقسیم سے پہلے اور بعد کی تاریخ سے متعلق کتابیں شامل تھیں۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے طلباءمیں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔