کراچی ( نمائندہ خصوصی): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے یوم آزادی کے موقع پر عوام میں موبائل فون اور دیگر انعامات تقسیم کرنے کا اعلان کیا،میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے لیے جامع سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹریفک پلان کو تقریب سے قبل سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کیا جائے گا۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آتش بازی کا مظاہرہ گورنر ہاؤس میں ہوگا جس کے لیے دبئی سے خصوصی ٹیم پہنچ گئی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم بھی خصوصی دعوت پر گورنر ہاؤس پہنچیں گے۔ کامران ٹیسوری نے بتایا کہ جشن آزادی میں معروف گلوکار عاطف اسلم اور دیگر فنکار بھی پرفارم کریں گے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے تمام دروازے عوام کے لیے کھلے رہیں گے، ٹرن آؤٹ 500,000 متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ باغ جناح کو بھی عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے جو گورنر ہاؤس سے متصل ہے۔ فوارہ چوک سے شاہین کمپلیکس تک سکرینیں لگائی جائیں گی۔