کراچی، ( نمائندہ خصوصی ) روٹری پاکستان نے اولمپیئن ارشد ندیم کو 2024 اولمپکس میں پاکستان کے لیے انفرادی کیٹیگری میں پہلا سونے کا تمغہ جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ یہ تاریخی کامیابی پاکستان میں نچلی سطح پر موجود بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے۔روٹری نے ملک بھر میں نیزہ بازی کو فروغ دینے میں ارشد ندیم کی مکمل حمایت کی پیشکش کی ہے؛ خاص طور پر اسکول کی سطح پر۔ ندیم کے ساتھ مل کر ایک خصوصی پروگرام تیار کیا جائے گا تاکہ مستقبل کے اولمپیئنز کی پرورش اور تربیت کی جا سکے، اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان کی کامیابی کا ورثہ جاری رہے۔مزید برآں، ارشد ندیم کو روٹری پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے، جس میں وہ ملک بھر میں نوجوانوں کو متاثر اور رہنمائی کریں گے۔
محمد فیض قدوائی، 2022-24 کے ڈائریکٹر روٹری انٹرنیشنل، نے ندیم کے عزم اور کھیلوں میں کامیابی کے لیے ان کی استقامت کی دل سے تعریف کی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ندیم کی شاندار کارکردگی کو تسلیم کرتے ہوئے اور پاکستانی نوجوانوں میں اعتماد اور امید پیدا کرنے کے اعتراف میں انہیں روٹری پاکستان نیشن بلڈرز ایوارڈ 2024 سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایواڈ ماریو سیزر مارٹنز ڈی کامارگو، صدر، روٹری انٹرنیشنل 2025-2026 کی طرف سے 5 ستمبر 2024 کو ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا جائے گا۔محمد فیض قدوائی نے کہا کہ روٹری پاکستان اور ارشد ندیم کے درمیان شراکت داری پاکستان میں نچلی سطح پر ایتھلیٹکس کے فروغ کے لیے انقلابی کردار ادا کر سکتی ہے۔روٹری انٹرنیشنل ایک عالمی انسانی تنظیم ہے جس کے 46,000 سے زائد کلبوں میں 1.4 ملین سے زیادہ اراکین ہیں۔ 1905 میں قائم ہونے والی روٹری کا مقصد مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد اور رہنماؤں کو اکٹھا کرنا ہے تاکہ وہ کمیونٹی کے مسائل کا حل تلاش کر سکیں، امن کو فروغ دیں، بیماریوں سے لڑیں، تعلیم کی حمایت کریں، اور اہم مسائل کے پائیدار حل فراہم کریں۔ روٹری پاکستان، اس عالمی نیٹ ورک کا حصہ ہونے کے ناطے، ملک بھر میں صحت، تعلیم، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ مختلف منصوبوں میں فعال طور پر شامل ہے۔