کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک بیورو رپورٹ)سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) زمین پر لیٹ جائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ فیض حمید کی گرفتاری تو شروعات ہے، ابھی بہت سے بڑے بت گرنے ہیں، معاملہ بہت دور تک جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ فیض آباد دھرنا کیس تو بہت چھوٹا ہے، اب پاکستان کو کوئی ترقی سے نہیں روک سکتا ہے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ بات صرف کرپشن تک نہیں رہے گی، پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈرشپ بھی اس کا حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل فیض حمید کی گرفتاری پاکستان کےلیے زبردست فیصلہ ہوا ہے، جو ملک کو نقصان پہنچائے گا اس کا احتساب ہوگاlسابق وفاقی وزیر نے کہا کہ فیض حمید اور تحریک انصاف ایک ہی نام ہے، آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی زمین پر لیٹ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل نظر آئے گا، ہمیں اس وقت جشن منانا چاہیے کہ پاکستان حقیقی طور پر ترقی کی طرف جارہا ہے۔ ہم سب کا یہی طریقہ ہونا چاہیے کہ سیاست کریں اور اداروں کو ان کا کام کرنے دیں۔سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی خبر سے تحریک انصاف سیاسی طور پر یتیم ہوگئی ہے اُ س کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ آج ایک بڑا برُج گرا دیا گیا ہے، آگے پی ٹی آئی کی پشت پناہی کرنے وال بونوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اب آپ کو ٹھنڈی اور لیٹی ہوئی نظر آئے گی، وزیر اعلیٰ کے پی آپ کو اب گولا گنڈے کی طرح میٹھے نظر آئیں گے۔فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی اور اپوزیشن لیڈر میٹھی میٹھی باتیں کرتے نظر آئیں گے۔ چند مہینوں میں معاملات ٹھیک ہوتے نظر آئیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل شروع کر دیا گیا ہےلیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت مناسب انضباطی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ٹاپ سٹی کی کورٹ آف انکوائری شروع کی گئی، فیض حمید کے خلاف ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان آرمی ایکٹ کی کئی خلاف ورزیاں ثابت ہو چکی ہیں۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے تفصیلی کورٹ آف انکوائری کی گئی، انکوائری پاک فوج نے فیض حمید کے خلاف ٹاپ سٹی کیس میں شکایات کی درستگی کا پتا لگانے کے لیے کی۔