اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):دفاع، دفاعی پیداوار اور ہوابازی کے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف سے نیدرلینڈ کی سفیر ہینی فوکل دی ورائیس( H.E Henny Fokel De Vries )نے ملاقات کی جس میں پاک-افغان سرحد پر تازہ ترین سکیورٹی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نیدرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ وزیردفاع نے دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں ختم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں اطراف سے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیاگیا اور عالمی اور علاقائی مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف امور کابھی جائزہ لیا گیا۔ نیدرلینڈ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعمیری تعاون پر آمادگی ظاہر کی گئی۔