اٹک۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری لیفٹننٹ عزیر محمود ملک شہید کے گھر گئے، لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور شہید کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کو ملک کے دفاع کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر مملکت نے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزیر محمود ملک شہید نے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے، یہ بے مثال قربانیاں قوم کو جلا بخشتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ صدر مملکت نے سوگواران کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی ۔