اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):چیئرمین نظریہ پاکستان کونسل (این پی سی) میاں محمد جاوید نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو علیحدہ وطن کے حصول کے لیے ہمارے آباؤ اجداد اور قومی ہیروز کی قربانیوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویومیں میاں محمد جاوید نے کہا کہ اپنے آباؤ اجداد کی وراثت کو نوجوان نسل تک منتقل کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا تعلق اس نسل سے ہے جس نے پاکستان کی تخلیق کے جوش و خروش اور ملک کی خاطر جانوں، مال اور عزتوں کی لاتعداد قربانیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچے بھی اس جدوجہد کا حصہ تھے جو بے خوف ہو کر "لے کے رہیں گے پاکستان” اور "بن کے رہے گا پاکستان” کے نعرے لگاتے تھے۔پروفیسر میاں محمد جاوید نے کہا کہ یوم آزادی ہمارے آباؤ اجداد کی لاتعداد قربانیوں کو تسلیم کرنے کا بہترین وقت ہے جنہوں نے ہم کو یہ وطن تحفے میں دیا، اس ملک کوآنے والی نسلوں کے لیے مضبوط، ناقابل تسخیر اور خوشحال بنانا اور سنوارنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علامہ محمد اقبال کے وژن کے مطابق قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک عوامی تحریک کے ذریعے قائم کیا گیا تھا تاکہ مسلمان مذہبی اور نظریاتی آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ بانی پاکستان کی تقریروں میں بیان کیے گئے اصولوں کے مطابق ملک چلانے کا جوش و جذبہ اور حب الوطنی اب بھی لوگوں میں موجود ہے تاہم ضرورت صرف اتحاد کو فروغ دینے اور ملک کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ہے۔پروفیسر میاں محمد جاوید نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی تقاریر میں انسانیت کے بنیادی حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ مساوات اور انصاف کے اصول کی وکالت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے اسلامی جمہوری نظام کا نفاذ مساوات، انصاف اور انسانی اقدار پر مبنی ہیں، وہ قوم کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے ایک نظریے کی بنیاد پر اس وطن کو حاصل کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس وراثت اور نظریے کو آنے والی نسلوں تک منتقل کریں تاکہ اس ملک کو خوشحال بنایا جا سکے۔چیئرمین نے قوم پر زور دیا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل پیرا ہوں اور نظریہ پاکستان کو حقیقی روح کے ساتھ فروغ دیں۔این پی سی کی سرگرمیوں کے بارے میں چیئرمین نے کہا کہ کونسل تعلیمی اداروں میں پروگراموں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں کے مطابق سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے استعمال کے ذریعے نظریہ پاکستان کے فروغ کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔این پی سی نوجوانوں کو بانیان پاکستان کی جدوجہد اور کامیابیوں سے روشناس کر کے اپنے قائدین اور قومی ہیروز کی شبیہ کو اجاگر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، قائد اعظم کے وژن کے مطابق نوجوانوں کی کردار سازی ہماری قومی ذمہ داری ہے جس کے بغیر ہم انہیں کارآمد شہری نہیں بنا سکتے۔