لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مذہب ، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برا بر ہے،قائداعظم کے ویژن کے مطابق پنجاب میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔اتوار کو مینارٹی ڈے کے حوالے سے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ا س پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں، اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے ہربھائی اوربہن کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل جبکہ ہر شہری کو اپنی عبادت گاہ میں جانے کیلئے آزاد قرار دیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہب ، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برا بر ہے،سب ایک ہی گلدستے کے خوش رنگ اور خوش نما پھول ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مساوت ، رواداری اور برداشت جمہوریت کی بہترین تعریف ہے ،پاکستان سب کا ہے اور سب کیلئے جنت ارضی کے مترادف ہے، پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے تمام بھائیوں او ربہنوں کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع میسر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پہلی تقریر کے روڈ میپ میں اقلیتوں کو سر کا تاج قراردیا تھا اورایسٹر کے موقع پر مریم آباد کے چرچ میں مسیحی برادری کے ساتھ مل کر ایسٹر کا تہوار منایا ،پہلی مرتبہ ایسٹر پر 10ہزار مسیحی خاندانوں کو عیدی دی۔مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کو دنیا بھر میں سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کااعزاز ہے، وساکھی پر کرتاپور جا کر گندم کاٹی اور سنگت کا لنگر کھایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لاز پر کام جاری ہے جس پر قانون سازی کیلئے جلد اسمبلی میں لائیں گے ،پہلی مرتبہ مینارٹیز گرانٹ کیلئے پنجاب میں 3ارب 66کروڑ روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا،محکمہ اقلیتی امور کا ترقیاتی بجٹ 4000ملین اور اقلیتی ترقیاتی فنڈ 2500ملین مقرر کیا گیا ہے جبکہ اقلیتی برادری کے 1100 طلبہ کو 30 ملین کے سکالرشپ دئیے گئے ہیں ،اقلیتی نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ یقینی بنا یا جارہاہے،سی ایم آفس سمیت تمام سرکاری دفاتر میں متعدد مسیحی افسران اور اہلکارمحنت سے کام کررہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں مسیحی سینٹری ورکر کی ہلاکت پر مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نوازشریف کے ہمراہ افسوس کیلئے ان کے گھر گئے اور تعزیت کی ۔