لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ،پاکستان کی اقلیتوں پر ہمیں فخر ہے ، پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے ،ملکی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں مینارٹی ڈے کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہاکہ اقلیتوں نے پاکستان میں قیام امن اورترقی و خوشحالی کیلئے مثبت کر دار ادا کیا،اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت ہر جگہ پر آواز اٹھائے گی ،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار پارلیمان میں بھی ادا کریں گے اور پارلیمان کے باہر بھی،آپ کے حقوق کے لیے ہر جگہ پر لڑائی لڑیں گے، حکومت آپ کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مجھے لاہور سے ایم این اے کا ٹکٹ دیا اور میرا اس حلقے سے تعلق ہے جہاں پہ 70 ہزار کرسچن ووٹرزکا میں نمائندہ ہوں اور مجھے اپنے حلقے سے جتنی محبت اس کمیونٹی سے ملی ہے کسی اور سے نہیں،مجھے آپ کی ہمیشہ رہنمائی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بھی جب کوئی واقعہ ہو یا یہ کمیونٹی تھوڑا خوف کے سائے محسوس کرتی ہے تو ہم وہاں پہ ان کا حوصلہ بڑھاتے ہیں اور ان کی آواز اٹھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف نے بطور وزیراعلی اور وزیراعظم ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ہمیشہ رواداری کا پیغام دیا ہے ،آپ اس پر کاربند ہیں، تمام مینارٹی حاضرین اور آرمڈ فورسز کے آفیسرز کے مشکور ہیں جو ہماری دعوت پر یہاں تشریف لائے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں ہی سے پاکستان ہے اور ہمارے جھنڈے میں جو سفید رنگ ہے وہ آپ کی نمائندگی کرتا ہے ہمیں آپ پر فخر ہے، پاکستان زندہ باد پاکستان کی اقلیتیں پائندہ باد۔وفاقی وزیر اطلاعات نے تقریب میں ایک سکھ شاعر کے اشعار بھی پڑہے ۔