اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے مشرقی غزہ میں الطبین اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں 100 سے زائد شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ بے گھر افراد کو پناہ دینے والے ایک پناہ گزینوں سے بھرے اسکول پر حملہ، خاص طور پر جب وہ صبح کی نماز ادا کر رہے تھے، ایک ہولناک، غیر انسانی اور بزدلانہ فعل ہے۔شہری آبادیوں اور تنصیبات کو اندھا دھند نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ ترجمان نے زور دیا کہ اسرائیل کو غزہ میں ان جنگی جرائم اور نسل کشی کے واقعات پر جوابدہ ہونا چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور اسرائیل کے حامیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ کی نسل کشی کے خاتمے اور غزہ کے عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔