اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں رات گئے موسلا دھار ، بارش کے دوران پوری رات ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کی گئی۔ ترجمان کے مطابق سیکٹر ایف کے کچھ گھروں کی بیسمنٹ میں پانی داخل ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے،گھروں میں پانی داخل ہونے کی شکایات پر ٹیمز موقع پر پہنچیں، ڈی واٹرنگ پمپس کی مدد سے گھر کی بیسمنٹ سے نکاسی آب کا عمل مکمل کیا گیا۔ترجمان کے مطابق مختلف شاہراہوں اور علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی کوئی شکایات موصول نہیں ہوئیں، بارش والے علاقوں میں نالوں کی مانیٹرنگ پوری رات جاری رہی،نشیبی علاقوں میں بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز خود موجود رہے۔