اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے وادی تیراہ کے ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے۔ ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے واقعہ میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔صدر مملکت نے مادر وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداء کو سلام اور حوالدار انعام گل ، سپاہی محمد عمران اور سپاہی الطاف خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرمملکت نے فتنہ خوارج کے خلاف کارروائیاں کرنے اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہا اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہداء کے بلند درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔